تحریک منہاج القرآن

احیائے اسلام کی عظیم عالمی انقلابی تحریک

گزشتہ اڑھائی صدیوں سے ملت اسلامیہ ایک ہمہ گیر زوال اور پستی کے دور سے گزر رہی ہے۔ دو سوسالہ فکری اور سیاسی غلامی کے بعد اب امت مسلمہ میں یہ احساس بیدار ہو رہا ہے کہ اگر اسے با عزت، اور باوقار قوم کی حیثیت سے دنیا میں زندہ رہنا ہے تو اسے اپنے انداز فکروعمل کو بدلنا ہوگا۔ اور یہ سب کچھ اس وقت تک ممکن نہیں جب تک فکری اور ذہنی پسماندگی اور شکست خوردگی سے نجات حاصل نہ کی جائے۔ ذاتی مفادات، خود غرضی، فرقہ پرستی اور گروہی مفادات کی زنجیریں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ ان حالات میں ان تمام قباحتوں سے پاک قیادت ہی امت مسلمہ کو اس زوال سے نکال سکتی ہے۔پاکستان کا قیام برصغیر کے مسلمانوں کےلئے ایک ایسے خطہ زمین کے حصول کےلئے تھا جہاں وہ اسلام کے زریں اصولوں کے مطابق ایک ایسا معاشرہ قائم کر سکیں جہاں عدل اجتماعی اور معاشی و اقتصادی انصاف کا دور دورہ ہو۔ جہاں ہر شخص کی چادر اور چار دیواری کو تحفظ حاصل ہو اور وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم کے سبب کوئی بھی اپنے بنیادی حقوق سے محروم نہ رہے۔ مگر بدقسمتی سے قیام پاکستان کے فوراً بعد ہی یہاں ایسے مفاد پرستوں کا دور شروع ہوگیا جنہوں نے قیام پاکستان کے مقاصد کو پس پشت ڈال دیا اور ذاتی مفادات کے حصول کی ایسی دوڑ شروع کر دی جس سے عوام اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہوتے چلے گئے۔ آج ملک پر غیر ملکی آقاؤں کے مسلط کردہ اسی نظام ہی کا اثر ہے کہ ان کے جانے کے بعد استحصالی اور عوام دشمن طبقے کی گرفت زندگی کے ہر شعبے پر مضبوط ہے اور عوام ملک کے حقیقی مالک ہوتے ہوئے بھی اپنی تقدیر کے مالک نہیں ہیں۔ وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم نے ایسا طبقاتی ماحول پیدا کر دیا ہے جس میں غریب غریب تر اور امیر امیر تر ہو رہا ہے اور یہ طبقاتی خلیج وقت کے ساتھ بڑھ رہی ہے۔ دوسری طرف ظالمانہ، استحصالی، سامراجی اور عوام دشمن نظام انتخاب نے عوام کےلئے ایوان اقتدار تک رسائی کے تمام دروازے بند کر دیئے ہیں کہ وہ اپنے حقوق کی آواز بلند کرنے کےلئے حکومتی ایوانوں تک پہنچ سکیں۔ انتخاب سرمائے اور افسر شاہی سے جوڑ توڑ کا ایسا گھناؤنا کھیل بن چکا ہے جس میں کامیابی تو دور کی بات ہے شامل ہونا بھی عام آدمی کےلئے ممکن نہیں رہا۔ان حالات میں ضروری ہے کہ:

غلبہ دین کی بحالی کےلئے ہمہ گیر جدوجہد شروع کی جائے۔
عوام میں ان کے حقوق کا شعور پیدا کیا جائے اور
قوم کو ایک ہمہ گیر تبدیلی اور انقلاب کی طرف گامزن کیا جائے تاکہ

قومی اور عالمی سطح پر ملت اسلامیہ پر مسلط بدحالی اور زوال کی سیاہ رات کو خوشحالی اور عروج و عظمت کے روشن سویرے سے بدلا جاسکے۔

تحریک منہاج القرآن ملت اسلامیہ کی اس ہمہ گیر تحریک اور جدوجہد کا علم بلند کئے ان تمام پہلوؤں کو سامنے رکھ کر منزل انقلاب کی طرف بڑھ رہی ہے۔

 

مرکزی سیکرٹریٹ، تحریکِ منہاج القرآن
365 ایم، ماڈل ٹاؤن، لاہور 54700
فون : 0092.42.111.140.140، 5169111-3
فيکس : 0092.42.5168184
ای میل: tehreek@minhaj.org
ویب سائٹ:
www.minhaj.org

Advertisements